نگرانی کیلئے ڈرون یونٹ بنانے کی ہدایت
انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز ، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ، ریکی نگرانی، پیٹرولنگ اور ناکہ بندی کے نظام کو موثر بنایا جائے ،وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجارکالعدم تنظیموں، فرقہ واریت اور عسکریت پسندی کے انسداد کے لیے مربوط اور جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے ،سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک اہم اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جاوید عالم اوڈھو سمیت متعلقہ اعلیٰ پولیس و سکیورٹی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے موجودہ سیکیورٹی حالات، ممکنہ خدشات اور جاری اقدامات کے حوالے سے وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ بارڈر ایریاز میں امن و استحکام کے قیام کے لیے انٹیلی جنس رپورٹس کو بامقصد اور مؤثر بنایا جائے اور ان رپورٹس کی بنیاد پر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حکمت عملی تیار کی جائے۔
انہوں نے کالعدم تنظیموں، فرقہ واریت اور عسکریت پسندی کے انسداد کے لیے مربوط اور جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حساس تنصیبات سمیت تمام اہم مقامات کی سکیورٹی کو غیرمعمولی سطح تک یقینی بنایا جائے ۔وزیر داخلہ نے ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر داخلی و خارجی راستوں کو مکمل طور پر محفوظ بنانے ، مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی منتظمین کی مشاورت سے فول پروف بنانے پر زور دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ افسران دفاتر تک محدود نہ رہیں بلکہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور ذمہ داریاں فعال انداز میں ادا کریں۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کرنے ، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ، ریکی نگرانی، پیٹرولنگ اور ناکہ بندی کے نظام کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
وزیر داخلہ سندھ نے اہم و حساس تنصیبات کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کو درکار وسائل سے متعلق جامع سفارشات پیش کی جائیں۔ان سفارشات میں ڈرونز، جدید گاڑیاں، ایکسپلوزیو ڈیٹیکٹرز اور دیگر جدید آلات و ساز و سامان شامل کیے جائیں۔کراچی کے ممکنہ حساس علاقوں میں بوقت ضرورت ڈرون سرویلنس کے استعمال اور اس مقصد کے لیے علیحدہ ڈرون یونٹ کے قیام کی بھی ہدایت کی گئی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسپیشل برانچ کی مزید اپ گریڈنگ وقت کا تقاضا ہے ۔اسپیشل برانچ کو انسداد دہشت گردی اقدامات میں ہراول دستے کا کردار دیا جائے گا اور اسے مزید مضبوط، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل برانچ صوبے کی کور ونگ ہوگی اور اس کی انٹیلی جنس رپورٹس کو قابلِ اعتماد اور مضبوط بنایا جائے گا ۔اجلاس کے اختتام پر وزیر داخلہ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے ، پیشگی حکمت عملی اور مربوط کارروائیوں کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔