کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کو غیر قانونی تعمیرات فوری گرانے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے کورنگی بھٹائی کالونی میں رفاہی پلاٹ پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست پرکنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کو ریکارڈ کے ساتھ جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 6 اپریل تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کورنگی بھٹائی کالونی میں پارک کی زمین پر تعمیرات کی جا رہی ہیں جو کہ رفاہی پلاٹ ہے ۔ عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے معلوم ہوا کہ یہ پلاٹ رفاہی ہے ؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس کا ریکارڈ متعلقہ حکام ہی جمع کروائیں گے ۔ کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کیس کی فائل فراہم نہیں کی گئی ہے ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اگر غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں تو کنٹونمنٹ بورڈ اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے کارروائی کرے اور ایسی تعمیرات کو گرا دے ۔