نوشہرو فیروز:آپریشن کے دوران افغان باشندہ، خطرناک ڈاکو گرفتار
ڈی آئی بی اورحساس اداروں کی مشکوک افراد کی تلاش، علی گل کیخلاف مقدمہ درجملزم غلام مرتضیٰ22سنگین مقدمات میں مطلوب، سر کی قیمت 10لاکھ مقرر تھی
محراب پور (نمائندہ دنیا)نوشہرو فیروز میں آپریشن کے دوران ایک افغان باشندہ اور خطرناک ڈاکو گرفتار کرلئے گئے ، گرفتار ڈاکو کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔ پاک، افغان سرحدی صورتحال کے پیش نظر حکومت کی ہدایت پر نوشہروفیروز پولیس، ڈی آئی بی کی ٹیموں نے حساس اداروں کے ہمراہ شہری و دیہی علاقوں میں مشکوک افراد کی تلاش شروع کی ہے ، اس سلسلے میں مورو پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے تحت غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہری علی گل ولد گل خان پٹھان کو گرفتار کر لیا ہے ، گرفتار افغان باشندے کے خلاف مورو تھانے پر سرکار کی مدعیت میں فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 90 سال 2026 درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انچارج سی آئی اے پولیس امداد جاگیرانی کے مطابق خفیہ نشاندہی پر 22 مقدمات میں مطلوب روپوش ملزم غلام مرتضیٰ عرف مرتوں ولد محمد ادریس لاکھو کو بغیر لائسنس پستول، 4 گولیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے ، ضلعی پولیس ترجمان نوشہرو فیروز پولیس شوکت کلو کے مطابق دہشت گردی، ارادہ قتل، لوٹ مار، چوریا، ڈکیتی، بھتہ خوری، پولیس مقابلے اور انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ملزم کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے ، علاقے میں دہشت کی علامت سمجھنے والے مذکورہ ملزم پر محکمہ داخلہ سندھ نے دس لاکھ روپے انعام مقرر کیا ہوا تھا،پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔