حیدر آباد :نسیم نگر میں مغوی بچی بازیاب، اغوا کار گرفتار
5سالہ تبسم 28فروری کوگھر کے باہر سے لاپتہ ہوئی، ماموں کی شکایت پرکارروائیملزم غلام شبیر دریا بند سحرش نگر کے قریب سے گرفتار، بچی والد کے حوالے کردی
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)نسیم نگر پولیس کی کامیاب کارروائی میں 5 سالہ گمشدہ بچی بازیاب کراکر اغوا کار کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق 28 فروری کے روز نسیم نگر کی حدود میں 5 سالہ بچی تبسم کی گمشدگی کا واقعہ پیش آیا ، بچی کی گمشدگی کی شکایت ماموں ابرار رستمانی نے درج کرائی جس میں بتایا کہ 5 سالہ بچی تبسم گھر سے باہر گئی تھی جو واپس نہیں آئی جسے ہم نے ہر جگہ تلاش کیا لیکن تاحال پتہ نہیں چل سکا ہمیں شبہ ہے کہ بچی اغوا ہوئی ہے جس پر نسیم نگر پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ، ایس ایچ او نسیم نگر انسپکٹر عبد المالک ابڑو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بچی کی بازیابی کیلئے مختلف ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے تلاش شروع کردی۔
اس دوران بچی کے گھر اور اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد بھی حاصل کیے گئے ، نسیم نگر پولیس نے اپنی کاوشوں، ٹیکنالوجی کی معاونت اور خفیہ انفارمیشن پر کارروائی کرتے ہوئے 5 سالہ بچی تبسم کے اغوا میں ملوث اغوا کار غلام شبیر کو دریا بند سحرش نگر کے قریب سے گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے بچی کو بحفاظت بازیاب کروالیا گیا ، نسیم نگر پولیس نے اغوا شدہ بچی کو بازیابی کے بعد اسکے والد علی محمد کے حوالے کردیا۔