سکھر:ایران سے یکجہتی کیلئے وکلاکا عدالتی امور کابائیکاٹ
ریلی نکال کر نعرے بازی، امریکی واسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایاسائلین کو مشکلات، مشکل کی اس گھڑی میں ایران کیساتھ ہیں، قربان ملانو ودیگر
سکھر(بیورو رپورٹ)ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف سکھر میں بھی وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور ایران پر حملوں کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا، اس سلسلے میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے احتجاج کی کال پر وکلا برادری نے سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر ، ڈسٹرکٹ و سیشن کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا ، بائیکاٹ اوراحتجاج کے باعث عدالتی امور متاثر ہوئے اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب وکلا برادری نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ قربان ملانو و دیگر وکلا رہنماؤں کی قیادت میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر جارحیت کے خلاف ریلی نکالی اور نعرے بازی کی۔
ایران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وکلا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں وکلا برادری نے امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملہ دراصل امتِ مسلمہ پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے اور خودمختار ممالک کے خلاف جارحیت کو روکنے میں اپنا بھرپور کردار اداکرے ، شرکائکی جانب سے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔