اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کوخطرہ، فنکشنل لیگی رہنما

اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کوخطرہ، فنکشنل لیگی رہنما

خودمختار ریاست پراس نوعیت کے حملے عالمی برادری کے ضمیر کیلئے چیلنج، شاہد خانمشرق وسطیٰ میں پہلے ہی حالات کشیدہ، مزید بگاڑ ہوگا، خامنہ ای کی شہادت پرافسوس

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل مرکزی نائب صدر پیر یاسر سائیں کے میڈیا کوآرڈی نیٹر حیدرآباد شاہد خان نے کہا کہ ایران میں اسرائیل کی جانب سے ہونیوالی بمباری کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ جارحانہ کارروائی نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ، بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خودمختار ریاست پر اس نوعیت کے حملے عالمی برادری کے ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہیں اور اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیں۔ مشرقِ وسطی پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہے اور اس قسم کی جارحیت حالات کو مزید بگاڑنے کا باعث بن سکتی ہے۔

انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اﷲ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک عالمی رہنما کی موت خطے کی امن و سلامتی کے لیے بڑا صدمہ ہے اور اس سے مزید کشیدگی اور عدم استحکام پیدا ہونے کا خطرہ ہے ۔ عالمی برادری میں بھی اس واقعے پر گہرے ردِ عمل سامنے آئے ہیں، انہوں نے کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر احتجاج کے دوران پیش آئے واقعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا، جن میں متعدد افراد شدید زخمی ہوئے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ انسانی جان کا ضیاع کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں