گلستانِ جوہر میں پانی فراہم کیا جائے ، واٹر کارپوریشن کو عدالتی حکم، حکام کو نوٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے گلستانِ جوہر بلاک 12 میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف دائر درخواست پر واٹر کارپوریشن کو رہائشیوں کو پانی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے ۔۔۔
آئینی بینچ کے روبرو سماعت کے دوران درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ علاقے میں پانی کی شدید قلت ہے اور پانی کی لائنوں پر لوگوں نے کنڈے لگا رکھے ہیں جس کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے ۔ اس پر جسٹس عبدالمبین لاکھو نے ریمارکس دیے کہ کیا پانی کی لائن پر بھی کنڈے لگتے ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ لوگ پانی چوری کرتے ہیں اور لائنوں پر کنڈے لگا لیتے ہیں جبکہ لائنوں میں لیکیج کے باعث پانی سڑکوں پر بہتا رہتا ہے لیکن گھروں تک نہیں پہنچتا۔ درخواست گزار کے مطابق سڑکوں پر مسلسل پانی جمع ہونے سے سڑکیں بھی تباہ ہو چکی ہیں۔