سکھر:کھلے مین ہول شہریوں کے لئے خطرہ بن گئے
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میونسپل کارپوریشن، منتخب بلدیاتی نمائندگان و متعلقہ محکموں کے افسران کی غفلت کے باعث شہر سکھر کے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کئی ماہ سے حل نہیں ہوپائے ہیں، بیشتر علاقوں میں کھلے مین ہولز شہریوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔۔
، جبکہ شکایات اور عوام کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے نشاندہی کے باوجود انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز کے بعد اہم سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر بھی اکثر گٹر کھلے دکھائی دیتے ہیں اور شہریوں،بچوں اور مویشیوں کے گرنے اور زخمی ہونے کے واقعات بھی رونماہو چکے ہیں۔ سکھر انتظامیہ کی جانب سے مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے پر شہری و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ انہوں نے حکومت، ضلع انتظامیہ،میئر سکھر سے نوٹس لیکر مسائل حل کرنے اور کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگا کر شہریوں کی زندگی محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔