سحر فاؤنڈیشن، مسلم حکمرانوں کو خاموشی پرچوڑیاں، زیورات بھیجنے کا اعلان

سحر فاؤنڈیشن، مسلم حکمرانوں کو خاموشی پرچوڑیاں، زیورات بھیجنے کا اعلان

سکھر میں فاؤنڈیشن کے تحت احتجاجی وتعزیتی ریفرنس، مسلم حکمرانوں کی پالیسیوں پرتنقیدعالمی طاقتوں کے دباؤ، مفادات سے کئی حلقے حقیقت بیان کرنے سے گریزاں، افتخار غزالی

سکھر(بیورو رپورٹ)مسلم حکمرانوں کی خاموشی کے خلاف سحر فاؤنڈیشن نے احتجاجی ریفرنس میں چوڑیاں اور زیورات کے پیکٹ بھیجنے کا اعلان کیا ہے ، سحر فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی و تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مقررین نے مسلم دنیا کے حکمرانوں کی پالیسیوں اور عالمی حالات پر سخت تنقید کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سحر فاؤنڈیشن کے چیئرمین افتخار غزالی نے کہا کہ پاکستان میں خود کو روشن خیال اور لبرل کہلانے والی خواتین تنظیموں اور مختلف فورمز کی قیادت کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کے دباؤ اور مفادات کی وجہ سے کئی حلقے حقیقت بیان کرنے سے گریزاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد دینی جماعتوں کی بعض قیادتیں مسلکی اختلافات کی آڑ میں قوم کو تقسیم کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

سحر فاؤنڈیشن کے سیکریٹری اطلاعات عبدالصمد گاڈت نے کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے باہمی اتحاد اور خود مختار پالیسیوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بھی بیرونی قوتوں کی مداخلت نے مسلم ممالک کو نقصان پہنچایا اور آج بھی کئی خطوں میں اسی نوعیت کے چیلنجز موجود ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سحر فاؤنڈیشن ٹرسٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کے مستقل ارکان، او آئی سی، رابطہ عالم اسلامی، مؤتمر عالم اسلامی، عرب لیگ اور مختلف مسلم ممالک کے حکمرانوں کو علامتی طور پر چوڑیاں، گھنگھرو، بالیاں، جھومر اور نیکلس کے پیکٹس روانہ کیے جائیں گے تاکہ مسلم دنیا کے اہم مسائل پر ان کی خاموشی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں