اہل تشیع تنظیموں کی سندھ بھر میں بھی یوم القدس ریلیاں

اہل تشیع تنظیموں کی سندھ بھر میں بھی یوم القدس ریلیاں

اجتماعات جمعہ میں رقت آمیز مناظر، ملکی سلامتی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیںاسرائیلی پرچم نذر آتش، قبلہ اول کی آزادی،مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار

میرپور خاص، اندرون سندھ (نمائندگان) اہل تشیع تنظیموں نے سندھ بھر میں بھی یوم القدس ریلیاں نکالیں اور اسرائیلی وامریکی پرچم نذر آتش کئے ، اجتماعات جمعہ میں رقت آمیز مناظر دیکھے گئے ، جہاں ملکی سلامتی، خوشحالی، کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، اور قبلہ اول کی آزادی، مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ سکھر میں القدس کمیٹی کے تحت حیدری مسجد پرانا سکھر تا پریس کلب یوم القدس ریلی نکلای گئی، جس میں مجلس وحدت المسلمین ، وحدت یوتھ ونگ، وحدت علماء ونگ ودیگر تنظیموں کے رہنما خواتین اور بچے شامل تھے ، شرکائریلی سے خطاب میں مقررین نے کہا اسرائیل کا بیانیہ دنیا نے مسترد کر دیا، آج دنیا میں غزہ اور مظلومین فلسطین کے حق میں باتیں ہو رہی ہیں، امریکہ اور اسرائیل کو شکست ہوئی ہے۔ میرپور خاص مقررین نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلسل فلسطین اور ایران میں عام لوگوں اور معصوم بچوں کا خون بہا رہے ہیں مگر عالمی طاقتیں اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کا خون بہا کر یزیدیت کو دہرایا جا رہا ہے ، تاہم حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے امریکی اور اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا ہے جس پر ہم ایران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ جھڈو رہنماؤں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں امریکہ اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ نے فلسطینیوں اور ایرانیوں اور دیگر اسلامی ریاستوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں، اسلامی ممالک سمیت عالمی طاقتوں نے فلسطینیوں اور ایرانی مسلمانوں پر اسلام دشمن قوتوں کی ظلم اور بربریت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے لیکن پاکستانی عوام اپنے مسلم بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ دولت پور میں مقررین نے خطاب میں کہا کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے ، جس کا مقصد دنیا کو یہ یاد دلانا ہے کہ بیت المقدس عالم اسلام کا ایک اہم مقدس مقام ہے اور اس پر ناجائز قبضہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں