امریکہ واسرائل مقاصد حاصل نہ ہونے پرفرار چاہتے ، لیاقت بلوچ
ان کے اتحادیوں نے بھی انکا ساتھ دینے سے انکار کردیا، جماعت اسلامی رہنماایرانی قوم نے قیادت کھونے کے باوجود سپر پاور کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، خطاب
نواب شاہ (نمائندہ دنیا)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا کی بدمعاش ریاست کے وزیراعظم نیتن یاہو اور اس کا سرپرست امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تین ہفتے سے زائد جاری جنگ میں اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنے پر فرار کا راستہ اختیار کر رہا ہے ان کے اتحادی ممالک نے بھی امریکہ کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا، وہ جماعت اسلامی نواب شاہ کی جانب سے مقامی ہال میں منعقدہ فیملی عید ملن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایرانی حکمرانوں اور قوم نے اپنے رہبر آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر قائدین کی بڑی تعداد میں شہادتوں کے باوجود استقامت اور پامردی سے دنیا کی سپر پاور کا مقابلہ کر کے امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، عالم اسلام کو اس پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے کہ امریکہ مسلمانوں کا نہیں اسرائیل کا دوست ہے اور اس کی دوستی میں وہ کچھ بھی کر سکتا ہے ۔ انہوں نے طالبان حکومت سے بھی کہا کہ وہ پاکستان میں در اندازی کو بند کریں، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان پر غیر ملکی جارحیت کے خلاف اس کا ساتھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلسل 25 برسوں سے ہر 5 سال بعد انتخابات ہو رہے ہیں اس دوران لوگوں نے شریف اور زرداری خاندان کے خلاف پی ٹی ائی کو بھی موقع دیا، لیکن سب نے مایوس کیا۔