قرارداد منظوری سے سندھ کی وحدت کیخلاف سازش دفن، نثار کھوڑو

قرارداد منظوری سے سندھ کی وحدت کیخلاف سازش دفن، نثار کھوڑو

سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے اکثریت میں رہنے تک نیاصوبہ نہیں بنے گاآئین میں صوبوں کاطریقہ موجود، صوبائی اسمبلی سے قرارداد کی منظوری لازمی ، خطاب

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے ، کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی سے قرارداد منظور کرکے سندھ کی وحدت کے خلاف سازش کو دفن کردیا، اور جب تک پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی کے ایوان میں اکثریت میں ہے تب تک سندھ میں نیا صوبہ کبھی نہیں بنے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز میروخان میں پیپلز پارٹی ضلع قنبر شہدادکوٹ کے عہدیداران و ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آئین میں نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار موجود ہے اور آئین کے تحت نئے صوبے کے لئے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے قرارداد کی منظوری لازمی ہوتی ہے ۔

جب تک صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے نیا صوبہ بنانے کے لئے قرارداد منظور نہیں کرتی تب تک نیا صوبہ نہیں بن سکتا، نثار کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اگر یہ سمجھتی ہے کہ ایسی باتیں کرکے وہ اپنی کھوئی ہوئی مقبولیت واپس لے گی تو یہ انکی بھول ہے ،انہوں نے کہا کہ سندھ میں نیا صوبہ بنانے کا مطالبہ سندھ کے عوام میں نفرتیں بڑھانے کی سازش ہے، عوام لسانیت اور تفریق کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آر بی او ڈی ٹو کا منصوبہ تین مرتبہ ریوائز ہوکر 62 ارب تک پہنچ چکا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں