کھپرو:پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر قاتلانہ حملے میں زخمی
کھائی بس اسٹاپ پرسلیم جٹ کوموٹر سائیکل سوار 3گولیاں مارکر فرار ہوگئےتعلقہ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں حیدر آباد منتقل
کھپرو (نمائندہ دنیا)پاکستان پیپلز پارٹی کھپرو کے سینئر نائب صدر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے ، انہیں 3 گولیاں لگیں، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کھپرو کے سینئر نائب صدر اور جٹ برادری کی معزز شخصیت ڈاکٹر سلیم جٹ دوپہر کے وقت کھائی بس اسٹاپ پر کام کے سلسلے میں کھڑے تھے کہ اچانک دو موٹرسائیکلوں پر سوار 6 افراد نے جدید اسلحے سے ان پر فائرنگ کردی، ڈاکٹر سلیم اپنی زندگی بچانے کے لئے بھاگے مگر حملہ آوروں کی جانب تین گولیاں ماری گئیں، جس سے ڈاکٹر سلیم جٹ شدید زخمی ہوکر گر پڑے ، حملے کے بعد ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے اور نعرے بازی کرتے ہوئے بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ زخمی ڈاکٹر سلیم جٹ کو شہریوں نے فوری طور پر تعلقہ اسپتال کھپرو پہنچایا، جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد انہیں حالت تشویشناک ہونے پر حیدرآباد ریفر کیا گیا، حملے کی خبر سنتے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، جٹ برادری کے افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی، دوسری جانب سرعام گولیاں چلانے پر شہر میں خوف وہراس پھیل گیا۔