جناح ٹاؤن میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی تیاری

جناح ٹاؤن میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی تیاری

ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی چیئرمین جناح ٹاؤن سے ملاقات، متعدد تجاویز پرغور شہر کی صفائی چیلنج، نالوں میں کچرا پھینکنے کی عادت ختم کرنی ہوگی، طارق علی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع سے ملاقات کی۔اس موقع پر صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے متعدد تجاویز پربات چیت ہوئی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ شہر کی صفائی میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ، جب تک شہری کچرا گلی محلوں اور نالوں میں پھینکنے کی عادت ختم نہیں کریں گے ، شہر کی صفائی معیار کے مطابق یقینی نہیں بنائی جا سکتی۔ اس سلسلے میں تمام ٹاؤن چیئرمین تعاون کریں، انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ اگر تمام ٹاؤن چیئرمین اپنے علاقوں میں موجود پارکوں میں آرگینگ کچرے سے کھاد بنانے کے چھوٹے پلانٹ لگالیں اور لوگوں کو آگاہی دیں کہ وہ اپنے کچن اور گارڈن کا کچرا پلانٹ کیلئے دیں تو اس سے بہترین کھاد بناکر پارکوں اور گرین بیلٹ میں استعمال میں لائی جا سکتی ہے ۔ اس سلسلے میں شہریوں کو کچرا گلی محلوں میں پھینکنے سے روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے ، اجلاس میں ضلع شرقی میں کام کرنیوالی کمپنی کے عہدیداران اورڈائریکٹر شکیل احمد و دیگر موجود تھے ۔ چیئرمین جناح ٹاؤن نے کہا کہ ٹاؤن کی ضرورت کے مطابق مشینری وعملہ کم اور کچرے کی مقدار زیادہ ہے جس کے لئے مشیری و عملہ فوری طور پر بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کے منیجر آج ہی میرے ساتھ علاقے کا دورہ کریں ہم نشاندہی کریں گے اور جو بھی تعاون کی ضرورت ہوگی اسے یقینی بنایا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں