ٹنڈو باگو میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاج
علاقہ مکینوں نے بدین روڈ بلاک کردی، ٹریفک جام، ٹائر جلاکر دھرنا بھی دیاتاریخی گاؤں پہاڑ مری میں پانی، بجلی، صحت، تعلیمی نظام سمیت دیگر کا فقدان
پنگریو (نامہ نگار)ٹنڈوباگو میں یونین کونسل پہاڑمری کے رہائشیوں نے تاریخی گاؤں پہاڑمری میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹنڈو باگو بدین روڈ پر ٹائر جلا کر دھرنا دیا، جس کے باعث بدین اور ٹنڈوباگو سے آنے اور جانے والی سیکڑوں گاڑیاں شدید متاثر ہوئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گاؤں میں صاف پانی، بجلی، صحت کی سہولیات اور تعلیمی اداروں کی شدید کمی ہے ، جس کی وجہ سے یہاں کے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں، ورنہ احتجاج کو مزید بڑھایا جائے گا۔
رہنماؤں نے کہا کہ وہ حکومتی نمائندوں کے ساتھ مل کر گاؤں کی ترقی اور بنیادی سہولیات کے لیے مستقل اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ مستقبل میں عوام کو ایسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ مظاہرے میں خواتین، بزرگ اور نوجوان بھی شریک تھے ، جنہوں نے مطالبات کی اہمیت پر زور دیا۔ مقامی شہریوں نے بھی مظاہرین کے حق میں احتجاج میں شرکت کی، اور کہا کہ پہاڑمری میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ دی جانی چاہیے ۔ مظاہرین نے دھرنے کے دوران مختلف نعرے لگائے اور احتجاج کے اختتام تک پرامن رہنے کا وعدہ کیا۔ انتظامیہ نے بھی مظاہرین سے ملاقات کے بعد مسائل کے حل کے لیے عارضی اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔