اللہ سے بیوفائی اہل اسلام کی تباہی کا سبب، تنظیم اسلامی

اللہ سے بیوفائی اہل اسلام کی تباہی کا سبب، تنظیم اسلامی

طاغوتی قوتیں متحد ہوچکیں، امت مسلمہ کاانتشار شرمناک ہے ، شجاع الدین شیخ

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)طاغوتی قوتیں متحد ہو چکیں جبکہ امتِ مسلمہ کا آپس میں انتشار شرمناک ہے ۔ اہلِ اسلام اﷲ تعالیٰ سے بے وفائی کے باعث تباہی و بربادی کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو نہ مسلم ممالک کے پاس افرادی قوت کی کمی ہے اور نہ ہی اسلحہ و ٹیکنالوجی کی، لیکن اِس کے باوجود وہ آپس کی ناچاکی کا شکار ہیں جبکہ دشمن متحد ہے ۔ پھر یہ کہ مسلم ممالک میں سے کسی کو اﷲ تعالیٰ نے خام تیل و زرعی پیداوار سمیت بے تحاشا قدرتی وسائل سے نوازا ہے تو کسی کو بہترین فوج، ایٹمی صلاحیت اور میزائل ٹیکنالوجی عطا کی ہے۔

عسکری صلاحیت کے جدید ترین ہتھیار مثلاً ڈرون، جامرز، دفاعی شیلڈز، سیٹلائٹ ٹارگٹنگ کے نظام اور سائبر جنگ کے وسائل بھی اﷲ تعالیٰ نے مسلم ممالک کو چھپر پھاڑ کر دیے ۔ پھر کیا وجہ ہے کہ آج مسلمان انتہائی پستی کے عالم میں ہیں، جبکہ طاغوتی قوتیں ایک ایک کرکے سب کو شکار کر رہی ہیں۔ مسلمانوں کے ازلی دشمنوں یعنی اسرائیل، امریکہ اور بھارت پر مشتمل ابلیسی اتحادِ ثلاثہ جب کسی ایک مسلم ملک پر حملہ کرتا ہے تو کئی مسلم ممالک مظلوم کی مدد کرنے کے بجائے حملہ آوروں کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں، جس کی ایک وجہ شاید یہ ہے کہ طاغوتی قوتوں کے فوجی اڈے ان مسلم ممالک کی سرزمین پر موجود ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں