کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ

 کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ

عمل درآمد کے لیے پوری سرکاری مشینری استعمال کی جائے ،مولانا بشیر فاروق معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات انتہائی ضروری ہیں،چیئرمین سیلانی

کراچی (این این آئی)سیلانی کے بانی و چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کفایت شعاری سے متعلق وفاقی حکومت کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پالیسی کی کامیابی کے لیے پوری سرکاری مشینری کو استعمال کیا جائے ۔قانون پر سختی سے عمل درآمد ہی قوموں کے رویہ تبدیل کرنے کا سبب بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی کی پیش کردہ کفایت شعاری مہم کے لیے تجاویز کو اہمیت دینا ایک مثبت اقدام ہے ،جس سے نہ صرف کفایت شعاری مہم کو تقویت ملے گی بلکہ قومی وسائل کے تحفظ میں بھی مدد حاصل ہوگی۔ جمعہ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے شادی ہالز کو رات 10 بجے بند کرنے ، تقریبات میں مہمانوں کی تعداد 200 تک محدود رکھنے اور ون ڈش پالیسی نافذ کرنے جیسے اہم فیصلے کیے ہیں، جو سیلانی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا حصہ تھے اب ان پر عمل کرانا حکومت سندھ کا کام ہے جس کا عندیہ شرجیل میمن نے بھی لبیک کہہ کر دیا ہے۔

انہوں نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو جن معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ، ان سے نمٹنے کے لیے اس نوعیت کے عملی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ اب اصل ضرورت اس امر کی ہے کہ ان حکومتی فیصلوں پر مکمل اور موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ اگر ان اقدامات پر سنجیدگی سے عمل کیا گیا تو نہ صرف کفایت شعاری مہم کامیاب ہوگی بلکہ ملک کو درپیش غذائی اور معاشی دبا میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اس قومی مہم میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ ان اقدامات پر عمل کرتے ہوئے سادگی کو فروغ دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں