حکومت اخراجات کم پھر عوام کو نصیحت کرے ، پی ٹی آئی
حکمرانوں کیلئے کفایت شعاری نہیں،قربانیاں صرف عوام سے لی جارہی ہیںبدترین ٹریفک، سیوریج کے مسائل حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ،راجہ اظہر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجا اظہر نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کراچی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ کراچی محض نمائشی ثابت ہوا ہے جہاں حکمرانوں نے عوامی مسائل کے بجائے سیاسی ملاقاتوں کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ 37 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکمرانوں کیلئے کوئی کفایت شعاری نہیں، بلکہ قربانیاں صرف عوام سے لی جارہی ہیں۔ حکومت کی پالیسیاں کھلے تضادات کا شکار ہیں ایک طرف کفایت شعاری کے دعوے کیے جاتے ہیں جبکہ دوسری جانب شاہانہ اخراجات جاری ہیں۔راجا اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے اپنے اخراجات کم کرے پھر عوام کو نصیحت کرے۔
وزیراعظم کی شیری رحمان اور فریال تالپور کے گھروں تک تو رسائی ہے ، مگر گل پلازہ کے متاثرین نظر نہیں آتے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو اپنے سیاسی ساتھیوں کی فکر ہے جبکہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت نہیں۔ اگر وزیراعظم واقعی عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے تو سب سے پہلے گل پلازہ کے متاثرہ خاندانوں کے دروازے پر جاتے ۔راجا اظہر نے کہا کہ کراچی کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ٹوٹے ہوئے انفرااسٹرکچر، بدترین ٹریفک، سیوریج کے مسائل اور بڑھتی ہوئی بدامنی حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ وزیراعظم کے دورے میں ان مسائل کے حل کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔