کم عمرموٹرسائیکل لفٹر گرفتار،واردات کاانوکھاطریقہ

کم عمرموٹرسائیکل لفٹر گرفتار،واردات کاانوکھاطریقہ

15سالہ ملزم جلال ٹریفک سگنلز پر پھول اور گجرے بیچنے کا ناٹک کرتا تھارقم کے بجائے آئس کا نشہ اور دو وقت کا کھانا دیا جاتا ،ملزم کاا نکشاف

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن اقبال پولیس نے ایک کارروائی کے دوران موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث ایک 15 سالہ ’ماسٹر مائنڈ‘ جلال اور اس کے ساتھی عامر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ ملزم جلال ٹریفک سگنلز پر پھول اور گجرے بیچنے کا ناٹک کرتا تھا اور اسی دوران موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہوجاتا تھا۔ ملزم جلال نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ صرف دکھاوے کے لیے پھول بیچتا تھا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ وہ گجرے دکھاتے دکھاتے ایسی موٹر سائیکل پر بیٹھ جاتا تھا جس کا ہینڈل لاک کھلا ہوتا۔ملزم کا کہنا تھا کہ پھول دیکھ کر کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا کہ میں کیا کرتا ہوں، جس بائیک کا لاک کھلا ہو۔

اس کے اگنیشن کو ڈائریکٹ کر کے سیکنڈوں میں رفو چکر ہو جاتا ہوں، یہ طریقہ مجھے میرے ساتھی عامر نے سکھایا ہے ۔گرفتار ملزم نے بتایا کہ وہ اب تک 6 موٹر سائیکلیں چوری کر چکا ہے اور ایک ہی دن میں 3 وارداتیں بھی کیں۔ملزم نے انکشاف یہ ہوا کہ ان موٹر سائیکلوں کے بدلے اسے رقم کے بجائے ’آئس‘ کا نشہ اور دو وقت کا کھانا دیا جاتا تھا ، صرف ایک مرتبہ اسے ایک بائیک کے عوض 1,500 روپے دیے گئے ۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا اور ان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گروہ کے دیگر کارندوں تک پہنچا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں