منشیات فروشی میں ملوث گروہ کے 3کارندے گرفتار

 منشیات فروشی میں ملوث گروہ کے 3کارندے گرفتار

رینجرز کی پیر آباد میں کارروائی،ملزمان سے اسلحہ ،منشیات اور موبائل فونز برآمدملزم شہروز ناظم آباد نمبر 1میں سائیکل کی دکان چلاتا اور کرائے پر ہتھیار فراہم کرتا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پیر آباد اورنگی ٹاؤن مسلم آباد نمبر 2 سے اسٹریٹ کرائمز، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور منشیات فروشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کے 3 ملزمان شہروز ولد فیروزخان، جنت گل ولد رحیم گل اور نعمان خان ولد زرگون خان کوگرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک رائفل ، ایک پستول ، ایک 30بور پستول ، ایک ڈمی پستول، 7عدد خنجر، 1عدد سرجیکل بلیڈ، 2 عدد اسٹیل نکلز، 1عدد دوربین، 1 عدد ڈی وی آر، 200 گرام چرس اور 13 عدد موبائل فونز برآمد کر لیئے گئے۔

ملزم شہروز کا والد ناظم آباد نمبر 1 میں غیر قانونی شراب کی دکان چلاتا ہے اور منشیا ت کا عادی ہے ۔شہروز ناظم آباد نمبر 1 میں سائیکل کی دکان چلاتا ہے اور دکان پر چرس فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ ڈاکوؤں کو کرائے پر ہتھیار بھی فراہم کرتا ہے۔ملزم جنت گل نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے 2 بھائی پیر آباد کے علاقے میں منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ملزم جنت گل 2021 میں چرس اور چھینی گئی موٹر سائیکل کے کیس میں گرفتار ہو کر جیل* جاچکا ہے۔

ملزم پولیس مقابلے میں ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی بھی ہو چکا ہے ۔ملزم نعمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں اور منشیات فروشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن اور دیگر برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں