کنڈیارو:والدین، بہن کے قاتل باپ بیٹے کوسزائے موت کاحکم
خانواہن کے ملزمان دھنی بخش، عبداللطیف پر5سال قبل کئے تہرے قتل کاجرم ثابتزمین کے تنازع پررنجش، بہن پرکاری الزام لگاکر واردات کی تھی، اعترافی بیان وائرل
کنڈیارو (نمائندہ دنیا)کنڈیارو میں تہرے قتل کے 5 سال پرانے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج جسٹس علم دین جانوری نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر قاتل باپ بیٹے کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کنڈیارو کے علاقے خانواہن میں پیش آنے والے تہرے قتل کیس میں عدالت نے ملزمان دھنی بخش گوندل اور ان کے بیٹے عبداللطیف گوندل کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی۔ عدالت میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں فیصلہ سنایا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم دھنی بخش نے زمین کے تنازعے پر پیدا ہونے والی رنجش کو بنیاد بناکر بہن پر سیاہ کاری کا الزام لگاکر بیٹے کے ساتھ مل کر اپنی ہی ماں، والد اور بہن کو قتل کیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے بعد ملزمان کا پولیس کے سامنے دیا گیا اعترافی ویڈیو بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں وہ بہن کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کرنے اور ان کو بچانے کے لیے آنے والے والد اور ماں کو بھی کلہاڑیوں سے مارنے کا اعتراف کررہے ہیں۔ کیس کے مدعی نے عدالت کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ پانچ سال قبل پیش آیا تھا، جس کا فیصلہ اب سنایا گیا ہے۔