ڈپٹی کمشنر کاشہرمیں صفائی ،سیوریج ودیگرسہولیات کاجائزہ
ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کاجائزہ، ہدایات جاری،کھلی کچہری بھی لگائی
گوجرانولہ(سٹاف رپورٹر،سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و چیئرمین گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نوید احمد نے علی الصبح کچا فتومنڈ، اروپ، سیالکوٹ بائی پاس روڈ، فیروزوالہ پل اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ صفائی ، سیوریج، تجاوزات، پیٹرولیم قیمتوں ، پیمانوں و سٹاک سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو اہم ہدایات جاری کیں۔ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا اٹھانے ، گلی محلوں کی صفائی اور نالیوں کی ڈیسلٹنگ کو چیک کیا ۔کچا فتومنڈ روڈ پر سیوریج کا پانی پھینکنے پر دکانداروں کو تنبیہہ کی اورواسا حکام کو فوری نکاسی آب یقینی بنانے اور خستہ حال گٹر ڈھکنوں کی مرمت و تنصیب کی ہدایت کی اورکہا کہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ڈی سی نے سیالکوٹ بائی پاس روڈ فیروزوالہ پل کے دورہ پر ریڑھی بانوں کو نہر کناروں گندگی پھینکنے اور مین روڈ پر ریڑھیاں لگانے سے بھی منع کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو)کا بھی اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں مریضوں سے ملاقات پر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی مریضوں کی بروقت دیکھ بھال، صفائی ،ادویات کی مسلسل فراہمی اور عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر آنیوالے سائلین کے مسائل بھی سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسروں کو فوری داد رسی کے احکامات جاری کئے اورکہاکہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔