وہاڑی :گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ پروجیکٹ کا باقاعدہ آغاز
ڈپٹی کمشنر نے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ، اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلع وہاڑی میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ پروجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے افتتاحی تقریب میں 8 اراضی مالکان میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اب ہر زمین کی ملکیت کی شناخت اور تحفظ کا جدید ذریعہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ ہے ، جس سے جعلسازی کا خاتمہ ممکن بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی مالکان اس سرٹیفکیٹ کو فرد کی جگہ استعمال کر سکیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا مقصد زمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل، محفوظ اور شفاف بنانا ہے تاکہ جائیداد کے لین دین میں آسانی اور اعتماد پیدا ہو۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان، اراضی ریکارڈ سنٹر انچارج بلال مصطفیٰ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔