خصوصی بچوں کی نگہداشت اور بحالی کو مزید مؤثر بنایا جائے :ڈپٹی کمشنر
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) مریم نواز شریف کی ہدایت پر آٹزم کا شکار بچوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ عالمی یومِ آٹزم کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے خصوصی بچوں کو مرکزی تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خانیوال پبلک سکول اینڈ یونیورسٹی کالج کے آٹزم سینٹر میں گزشتہ تین برسوں کے دوران 63 بچوں کو داخلہ دیا گیا، جن میں سے 20 بچوں کی کامیاب بحالی جبکہ 12 بچے باقاعدہ طور پر مین اسٹریم تعلیمی نظام میں شامل ہو چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے آٹزم سینٹر کا دورہ کیا اور بچوں کی تربیت، سہولیات اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصی بچوں کی نگہداشت اور بحالی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔اس موقع پر پرنسپل حافظ محمد راشد سعید رانا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آٹزم سینٹر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور بچوں کی بہتر تربیت کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسے ایک مثالی ادارہ قرار دیا۔