بے سہارا افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں:فردوس عاشق

 بے سہارا افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں:فردوس عاشق

اولاد کاوالدین کو نظر انداز کرنا افسوسناک، روک تھام کیلئے اجتماعی شعور بیدار کرناہوگا

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )عید کا اصل پیغام محبت، بھائی چارے احساسِ ذمہ داری کو فروغ دینا ہے ، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اردگرد موجود محروم بے سہارا افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔معاشرے کی ترقی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں بزرگوں کے ساتھ کس قدر احترام شفقت کا برتاؤ کیا جاتا ہے ۔ اولاد کی جانب سے والدین کو نظر انداز کرنا ایک افسوسناک عمل ہے ، جس کی روک تھام کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ’’مسکن‘‘ جیسے ادارے دکھی انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی معاونت ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر چیئرپرسن شیڈ ٹرسٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اولڈ ایج ہوم ’’مسکن‘‘ میں مقیم اپنوں کے ٹھکرائے ہوئے ضعیف العمر، لاوارث بے سہارا خواتین و حضرات کے ساتھ عید ملن پارٹی میں شرکت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر نے عید کی خوشیاں بزرگوں کے ساتھ بانٹتے ہوئے کیک کاٹا انہیں عیدی تحائف تقسیم کیے ۔اور کہا کہ مخیر حضرات کو چاہیے کہ ایسے فلاحی اداروں کی سرپرستی کریں تاکہ یہاں رہنے والے افراد کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر اولڈ ایج ہوم مکسن کے سکونت پذیر متوفیان کے لئے مغفرت کی دعا کی جبکہ منتظمین کو اﷲ تعالیٰ آسانیاں پیدا کرنے خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کی توفیق عطا فرمائے ۔ منعقدہ تقریب کے دوران بزرگ افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بزرگوں کے ساتھ وقت گزارا، ان کے مسائل سنے اور ان کی خیریت دریافت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں