اندرون سندھ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب
مٹیاری، حیدر آباد، جیکب آباد، لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوارحیسکو، سیپکو کے فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر اندھیروں میں ڈوب گئے ، نکاسی بھی متاثر
حیدر آباد، اندرون سندھ (نمائندگان) اندرون سندھ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔ حیدرآباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج وچمک کے ساتھ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ موسم خوشگوار ہوتے ہی شہری تفریح کے لیے نکل گئے ۔بارش شروع ہوتے ہی حسب معمول بجلی کا طویل بریک ڈاون ، حیدرآباد میں جمعرات کی شام تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے جل تھل کردیا۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جیکب آباد میں چند منٹوں کی بارش سے بجلی بند ہونے پر پورا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا، پی ڈی ایم اے کے الرٹ اور پیشگوئی کے باوجود پیشگی اقدامات صفر نظر آئے ، شہریوں کو شدید حبس اور مچھروں کی بہتات میں ساری رات جاگ کر گزارنی پڑی۔ لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے جاری بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث شہر کے متعدد روڈ راستوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، دوران بارش سیپکو کی جانب سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کردی گئی۔ مٹیاری میں ہالا، بھٹ شاہ اور نیو سعیدآباد میں وقفے وقفے سے ہوا کے ساتھ بارش نے جل تھل کردیا، بارش پڑنے سے بجلی غائب ہوگئی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا تیز ہوا کے ساتھ بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے درگاہ شاہ لطیف کے زائرین سمیت شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا۔