پولیس ٹریننگ کالج شہداد پور سے 773 ریکروٹس کی تربیت مکمل
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں آئی جی سندھ کی شرکت، جاوید عالم نے کارکردگی کوسراہاسانگھڑ کے غلام رسول، ماریہ، ٹھٹھہ کی فضہ، لاڑکانہ کی تہمینہ کی بہترین کارکردگی
شہدادپور (نمائندہ دنیا)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں 186ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اعلیٰ پولیس افسران اور معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب میں سندھ پولیس کے مختلف رینجز سے تعلق رکھنے والے 773 مرد و خواتین ریکروٹس نے چھ ماہ کی پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے کے بعد پریڈ میں حصہ لیا۔نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں سانگھڑ کے غلام رسول، ٹھٹھہ کی فضہ، لاڑکانہ کی تہمینہ اور سانگھڑ کی ماریہ شامل ہیں، جنہیں خصوصی طور پر سراہا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ پولیس کی وردی اختیار نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے ، اور جدید پولیسنگ میں قانون کی پاسداری، انسانی حقوق کا احترام اور عوام سے حسن سلوک بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے خواتین ریکروٹس کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کی پریڈ میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے ۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ موجودہ کفایت شعاری مہم کے باوجود سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے ، جبکہ ٹریننگ کالج میں جدید سہولیات کی فراہمی بھی قابل تعریف ہے ۔واضح رہے کہ پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور 1943 میں قائم ہوا تھا اور اب تک ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تربیت فراہم کرچکا ہے۔