دودھ کی قیمتوں میں اب مزید اضافہ نہیں ہوگا،سعدیہ جاوید
عوام کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ،بلیک میل کرنے کی کوشش نہ کی جائے پٹرولیم قیمتوں میں کمی آنے پرنرخ کم کرائیں گے ،ترجمان سندھ حکومت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے ڈیری فارمرز کو خبردار کیا کہ دودھ کی قیمتوں میں اب مزید ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں ہوگا، حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش نہ کی جائے ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں دودھ کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے کہا کہ صوبائی حکومت دودھ کی قیمتوں میں کسی قسم کا خودساختہ اضافہ برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے ڈیری فارمرز کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش نہ کی جائے ، عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمرز کو سختی سے پابند کر دیا گیا ہے کہ دودھ کی قیمتوں میں مزید ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جیسے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی، حکومت دودھ کے نرخ مزید کم کروانے کی بھرپور کوشش کرے گی ۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ دودھ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور فوڈ اتھارٹی کو ملاوٹ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ترجمان سندھ حکومت نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ڈیری فارمرز اپنی من مانی بند کریں، حکومت کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو مارکیٹ میں قیمتوں اور معیار کی نگرانی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر خالص دودھ کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔