اندرون سندھ:پٹرولیم قیمتیں بڑھائے جانے کیخلاف مظاہرے جاری

اندرون سندھ:پٹرولیم قیمتیں بڑھائے جانے کیخلاف مظاہرے جاری

ٹنڈو باگو میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، سکھر میں روٹیاں گلے میں لٹکاکر احتجاج کیا گیامیرپور خاص میں ٹول پلازا پردھرنا، ماتلی، تلہار، پڈعیدن، تھرمیں احتجاج

اندرون سندھ (نمائندگان)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف اندرون سندھ مظاہرے جاری ہیں۔ بدین کے علاقے ٹنڈو باگو میں جسقم کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل، مارکیٹیں بند، سڑکیں سنسان اور ٹریفک معمول سے ہٹ کر نہ ہونے کے برابر رہی۔ سکھر میں جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا گیا، شرکا نے عوام دشمن حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ کررہے تھے ۔ جبکہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت بھی گلے میں روٹیاں لٹکا کرموجودہ حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ میرپورخاص میں سماجی رہنما میر مظہر ٹالپر کی قیادت میں ٹول پلازا پر دھرنا دیا گیا جس میں وکلا، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دھرنے کے باعث حیدرآباد اور میرپورخاص کے درمیان آنے جانے والی ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ماتلی میں حیدرآباد بدین بائی پاس پر مختلف سیاسی، سماجی اور قوم پرست تنظیموں نے احتجاجی دھرنا دیا، جس میں شہریوں اور رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تلہار اور پڈعیدن میں مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں اور شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ، اور ریلیاں نکالی گئیں۔ تھرپارکر میں شہری احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے ۔ مٹھی میں کشمیر چوک پر دھرنا دیا گیا۔ شرکا سے خطاب میں رہنماؤں نے پٹرولیم قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں