آئین کا تحفظ ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ،کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،گورنر
نہال ہاشمی کا چینی قونصلیٹ کا بھی دورہ،باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
کراچی (این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک کی بقا، سلامتی اور وفاق کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا تحفظ ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔گورنر سندھ نے کہا کہ 1973 کا آئین ہر شہری کو بنیادی حقوق، اظہارِ رائے کی آزادی اور مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی قانون کی حکمرانی اور آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے کام کرنے میں مضمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور جدید علوم سے آراستہ کرنا روشن پاکستان کی بنیاد ہے ، جبکہ آئین کی پاسداری اور معاشی استحکام کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کی چوٹیوں سے بلند اور سمندر کی گہرائیوں سے بھی زیادہ گہری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور ہمہ جہت تعاون پر مبنی ہیں۔مزید برآںگورنر نے بنگلہ دیش کے یوم آزادی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔