حیدر آباد:اے ایس آئی پرجوئے ، سٹے کے اڈے چلانے کا الزام
بااثر ملزم ایس ایس پی آفس لیگل برانچ میں تعینات ہے ، شہری و سماجی تنظیمیںشہر کے مختلف علاقوں میں اڈے قائم، رشتے دار کونگرانی سونپ رکھی، گفتگو
حیدر آباد (بیورو رپورٹ )شہریوں اور سماجی تنظیموں نے اے ایس آئی پر جوئے اور سٹے کے اڈے چلانے کا الزام لگایا ہے ۔ شہر میں مبینہ جوئے اور سٹے کے اڈوں کے قیام اور ان کی سرپرستی سے متعلق سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جن میں پولیس کے ایک اے ایس ائی کا نام بھی لیا جا رہا ہے ۔ ایس ایس پی آفس میں قائم لیگل برانچ کے ایک بااثر اسسٹنٹ سب انسپکٹر پر شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے یہ الزام لگایا ہے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں میں جوئے اور سٹے کے اڈوں کی سرپرستی کرنے میں ملوث ہے ، جن کی نگرانی اپنے قریبی رشتے دار کے سپرد کررکھی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مبینہ سرگرمیاں تھانہ مارکیٹ کے علاقے شیش محل، تھانہ اے سیکشن لطیف آباد نمبر 11، تھانہ سخی پیر ٹنڈو ولی محمد، اور تھانہ مکی شاہ کی حدود میں جاری ہیں۔
جہاں انہیں مبینہ متعلقہ اہلکار کی سرپرستی حاصل ہے ۔ مزید برآں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ مذکورہ اے ایس آئی مختلف تھانوں سے مبینہ رشوت وصول کرتا ہے ۔ ایک اور دعویٰ یہ بھی سامنے آیا کہ پنیاری تھانے میں تعینات ایک نجی بیٹر، شرجیل نامی شخص کو بھی اسی اہلکار کی سفارش پر تعینات کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اے ایس آئی عدنان کو ایس ایس پی کے قریبی افراد میں شمار کیا جاتا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر الزامات سچ ہوئے تو پولیس کے ادارے کی ساکھ متاثر ہوگی۔ تاہم الزامات پر پولیس کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔