سالڈ ویسٹ کی کارکردگی کیخلاف قرار داد سٹی کونسل میں جمع

سالڈ ویسٹ کی کارکردگی کیخلاف قرار داد سٹی کونسل میں جمع

قراردادجماعت اسلامی نے جمع کرائی، سالانہ 43 ارب بجٹ، صفائی کی ناقص صورتحالہرجگہ کچرا جمع ، تعفن سے بیماریاں پھیل رہیں، حکومت اقدامات کرے ، فضل احد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فضل احد نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی بدترین کارکردگی کیخلاف قرار داد جمع کرادی، جس میں حکومتِ سندھ کی جانب سے سالانہ 43ارب روپے بجٹ فراہمی کے باوجود کچرا اُٹھانے اور صفائی کے نظام کی ناکامی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ صفائی کے ناقص نظام کے باعث نہ گھروں سے کچرا اٹھایا جا رہا ہے اور نہ ہی گلی محلوں میں اور سڑکوں کی باقاعدہ صفائی کا انتظام موجود ہے ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہیں اور نالے بھی بھر گئے ، تعفن سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیاکہ حکومت سندھ اس سنگین صورتحال پر ہنگامی نوعیت کے اقدامات کرے ، آئین پاکستان اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں تمام بلدیاتی امور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے حوالے کیے جائیں اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکو فوری تحلیل کر کے کچرا اٹھانے کا نظام ٹاؤنز کے حوالے کیا جائے ۔تحلیل ہونے تک تمام نئے معاہدے ڈسٹرکٹ کے بجائے ٹاؤنز کے ساتھ کیے جائیں،ٹھیکیداروں کی موجودہ ادائیگیاں ٹاؤن اور یو سی چیئرمینز کی تصدیق سے مشروط کی جائیں ۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکی 12 سالہ کارکردگی کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے ،اور ٹاؤنز کی مدد سے نگرانی کا موثر نظام بنایا جائے ۔ قرار داد میں سٹی کونسل کے ایوان کے توسط سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سلسلے میں قائم کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس سلسلے میں عملی تجاویز مرتب کر کے ایوان میں منظوری کیلئے پیش کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں