میرپور خاص: 50 بجلی چوروں کے کنکشن منقطع،بھاری جرمانہ
سیٹلائٹ ٹاؤن میں نادہندگان سے بھی لاکھوں روپے کے بقایا جات وصولشہریوں سے اپیل ہے جائز ذرائع سے بجلی استعمال، بل بروقت ادا کریں، حیسکوحکام
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) حکومت پاکستان اور حیسکو حکام کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری خصوصی مہم کے سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر حیسکو میرپورخاص سرکل امیر میمن اور ایگزیکٹو انجینئر حیسکو امجد شیخ کی خصوصی ہدایات پر سب ڈویژن سیٹلائٹ ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔ ایس ڈی او ریاض میو، لائن سپرنٹنڈنٹ سکندر مہر، لائن سپرنٹنڈنٹ محسن اور دیگر عملے نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کئے ۔ آپریشن کے دوران 50 سے زائد غیر قانونی کنڈا کنکشن منقطع کر دیے گئے جبکہ متعدد افراد پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔ اس کے علاوہ لاکھوں روپے کے بقایاجات بھی وصول کیے گئے ۔ حیسکو حکام کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں بجلی چوری کرنے والوں کے نام ایف آئی آر کے اندراج کے لیے پولیس کے حوالے کردیئے گئے ہیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔ حکام نے کہا کہ بجلی چوری اور عدم ادائیگی کے باعث ادارے کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا بوجھ ایماندار صارفین پر پڑتا ہے ، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جائز ذرائع سے بجلی استعمال اور اپنے بل بروقت ادا کریں۔