معرکہ حق کا ایک سال،مختلف شہروں میں ریلیاں،تقریبات
پاک افواج نے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا، مہتاب میمن و دیگر کا خطاب
حیدر آباد، میرپورخاص، پنگریو (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر مختلف شہروں میں شاندارریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ حیدر آباد میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ مہتاب احمد میمن نے آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کی خوشی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر آفس سے پاک افواج سے اظہار یکجہتی ریلی کی قیادت کی اور خطاب میں کہا کہ پاک افواج نے دشمن کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملا کر ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر والنٹری ایجنسیز دانش سیال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ میرپورخاص میں ہندو کمیونٹی کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں ملکی سلامتی، ترقی اور پاک فوج کی کامیابی کیلئے خصوصی پوجا اور دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پرکیک بھی کاٹا گیا ۔ شرکا کی جانب سے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، پاک فوج اور پاکستان کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ پنگریو میں شاندارریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کرکے وطن عزیز اور افواج پاکستان سے اپنی لازوال محبت اور وابستگی کا عملی اظہار کیا۔ ریلی کی قیادت ٹاؤن چیئرمین پنگریو میرمحمدبخش ٹالپر نے کی جبکہ ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین، مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سیاسی و سماجی رہنما، مذہبی شخصیات، تاجر برادری، وکلا، اساتذہ، طلبہ، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص قومی سلامتی، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہایت اہم سنگ میل ثابت ہوئے ۔