گرمی میں لوڈشیڈنگ ختم،پانی فراہم کیاجائے ،کاشف شیخ
درمیانی آمدنی والوں کے لئے بھی ٹینکر کا پانی خریدنا آسان نہیں رہاغیر قانونی ہائیڈرنٹس کو بھی حکومتی لوگوں کی سرپرستی حاصل ہوتی ہے
کراچی (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں شدید گرمی کے دوران بجلی، گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کے سنگین بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ گرمی کے اس کڑے موسم میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔صوبائی دارالخلافہ اورملک کا سب سے بڑا شہرکراچی بیک وقت ہیٹ ویو اور پانی کی شدید قلت کا شکار ہے ۔پانی کا ٹینکر 16ہزار روپے کا مل رہا ہے ۔غریب شہری تو کجا درمیانی آمدنی والوں کے لئے بھی ٹینکر کا پانی خریدنا آسان نہیں رہا۔ٹینکر میں پانی آتا ہے مگر گھروں کے نلکوں میں نہیں آتا جوکہ حکومتی نااہلی اورکرپشن کی نشاندہی کرتا ہے ۔شہریوں کا اپنا پانی شہریوں کو بیچا جاتا ہے ۔ ٹینکرز والے تو پورے کراچی کو پانی پہنچا رہے ہیں، جب ٹینکرز کے ذریعے پانی مل رہا ہے تو لائن کے ذریعے کیوں نہیں دیا جا رہا؟ اس کا مطلب ہے پانی موجود ہے لیکن لائنوں کے ذریعے نہیں دے رہے ۔ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو بھی حکومتی لوگوں کی سرپرستی حاصل ہوتی ہے جہاں پرسب کو اپنا حصہ ملتا ہے مگر یہ چوری بازری اورزندگی کی بنیادی سہولیات سے عوام کو کب تک محروم رکھ کراذیتیں دی جاتی رہیں گی۔