شعبہ صحت میں سرمایہ کاری جاری رہے گی،وزیراعلیٰ

 شعبہ صحت میں سرمایہ کاری جاری رہے گی،وزیراعلیٰ

عوام کو معیاری اور سستی تشخیصی سہولیات فراہم کرنا وقت کی ضرورت صحت کی سہولیات اپ گریڈ کرنے کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں،مرادعلی شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے التمی ریسرچ اینڈ ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید تشخیصی نظام صحت کے نتائج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ درست اور بروقت ٹیسٹ نتائج موثر علاج اور بہتر مریض نگہداشت کے لیے ناگزیر ہیں۔وزیراعلیٰ کا استقبال صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، التمی لیب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، ڈاکٹر امتل لطیف، سیکریٹری صحت طاہر سانگی اور دیگر نے کیا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں صحت کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ،عوام کو معیاری اور سستی تشخیصی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے درجے کی صحت کی سہولیات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور متعدد اداروں نے اپنی کارکردگی اور خدمات کے باعث شناخت حاصل کی ہے ۔بجٹ ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ کا بڑا حصہ صحت کے شعبے کے لیے مختص کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں