افغانیوں کی آڑ میں پختونوں کو نشانہ نہ بنایاجائے ،شاہی سید

افغانیوں کی آڑ میں پختونوں کو نشانہ نہ بنایاجائے ،شاہی سید

کراچی مسائلستان بن گیا،تعلیم ،صحت ،بجلی سمیت ہر ادارے میں کرپشن پیپلز پارٹی کا میئر ہونے کے باوجود شہر کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر )عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی جانب بھارت کو شکست دینے اور معرکہ حق کی کامیابی پر فیلڈمارشل اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں،اے این پی کو اپنی افواج پر فخر ہے ،کے پی کے حکومت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بجائے صوبے کے مسائل پر توجہ دے ۔غیر قانونی افغانیوں کو نکالیں لیکن ان کی آڑ میں پختونوں کو نشانہ نہ بنائیں۔ وہ بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر سابق پولیس افسر آصف عثمان نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔شاہی سید نے مزید کہا کہ افغانستان سمیت تمام ممالک سے بات چیت کرکے مسائل حل کریں ۔کراچی مسائلستان بن گیا ہے ،میئر کراچی پیپلز پارٹی کا ہے لیکن پھر بھی شہر کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں۔تعلیم ،صحت ،بجلی ،ٹریفک سمیت ہر ادارے میں کرپشن ہے بلا تفریق شفاف احتساب کریں۔کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام جماعتیں اکھٹی ہوں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنائیں۔قائد متحدہ اور عزیر جان آج کہاں ہے ؟ لیکن ہم موجود ہیں اور سیاست کررہے ہیں۔اے این پی عدم تشدد کی سیاست کررہی ہے ۔  9 مئی کومعرکہ حق کے طور پر یاد کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی سندھ پاک فوج کی وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں