جی ڈی اے ، جے یوآئی، فنکشنل لیگ کاقبل ازوقت انتخابات کامطالبہ
رہنماؤں کی لاڑکانہ میں پریس کانفرنس، موجودہ نظام خرابی کی جڑ قرار دے دیااسٹیبلشمنٹ، مقتدر حلقے صورتحال کی سنگینی محسوس کریں، صفدر عباسی ودیگر
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، فنکشنل لیگ اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے کوٹ داراب عباسی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کروانے کا مطالبہ کردیا، رہنماؤں نے کہا کہ سندھ میں جاری موجودہ نظام کو ختم کر کے قبل از وقت صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں، کیونکہ یہ نظام خرابی کی جڑ ہے ، اگر یہ جاری رہا تو اس کی خرابی پورے پاکستان کو تباہ کرسکتی ہے ، یہ وقت ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور مقتدر حلقے بھی صورتحال کی سنگینی کو محسوس کریں، عیدالضحیٰ پر کئی اہم شخصیات مختلف جماعتوں سے فنگشنل لیگ اور جی ڈی اے میں شمولیت اختیار کریں گی، عوام مہنگائی سے تنگ آچکے ہیں موجودہ حکومتیں ملکی مسائل حل نہیں کرسکیں۔
جی ڈی اے اور جے یو آئی رہنماؤں صفدر عباسی، سید راشد شاہ، لیاقت جتوئی، ناصر محمود سومرو، سردار تیغو خان تیغانی سمیت دیگر نے کہا کہ آئندہ دنوں آنے والی سیاست پر مشاورت کر رہے ہیں، آصف علی زرداری کی چمک ماند پڑتی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس شوگر مل کے پرمٹ دینے پر بنا ہے ، کراچی میں سسٹم اب بھی چل رہا ہے جس کا اربوں روپے بھتہ انکی جیب میں جا رہا ہے ، نامور ڈاکو جیل سے چھوٹنے والے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کو لانے والے اگر انکو کہیں گے کہ مرغا بن جاؤ تو وہ مرغا بن جائیں گے پیپلزپارٹی ایران امریکا امن مذاکرات کو لیاری امن کمیٹی کے مذاکرات سمجھ رہی تھی تب ہی انکو سائیڈ لائن کیا گیا۔ جے یو آئی اور جی ڈی اے نے مستقبل میں ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔