پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ پٹرول بم گرانے کے مترادف، صاحبزادہ زبیر

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ پٹرول بم گرانے کے مترادف، صاحبزادہ زبیر

مہنگائی کے طوفان نے اشیا خورونوش عوام کی پہنچ سے دور کردیں، سربراہ جے یوپی

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سربراہ جمعیت علما پاکستان صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ماہ میں پانچویں بار پٹرول کی قیمت بڑھا کر 415 روپے فی لیٹر تک پہنچا دینا غریب عوام پرپٹرول بم گرانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس طوفان نے اشیائے خورو نوش، ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ ضروریات زندگی کو عوام کی پہنچ سے دور کر دیا، جبکہ حکمران مسلسل عوام کا معاشی استحصال کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر قوم کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے ؟ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان جیسے خطے کے دیگرممالک میں پٹرول قیمتیں پاکستان سے کم ہیں تو یہاں عوام پر مسلسل بوجھ کیوں ڈالا جا رہا ہے ۔حکمراں آئی ایم ایف کے مفادات کی بھینٹ چڑھا کر قوم کا معاشی قتل کررہے ہیں۔

4کروڑ سے زائد سرکاری گاڑیاں مفت پٹرول پر چل رہی ہیں یہ دہرا معیار اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ اور غریب کا معاشی استحصال کب تک جاری رہے گا؟ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی، معاشی تباہی اور اشرافیہ کی عیاشیوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ حکمران طبقہ عوامی مشکلات کا احساس کرنے کے بجائے مزید بوجھ ڈالنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا معاشی بھرکس نکال کر ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر عوامی ردعمل کو روکنا ممکن نہیں رہے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں