شہداد پور:اسکول سے متصل گراؤنڈ پرمبینہ قبضہ، طلبا، مکینوں کااحتجاج
بااثر مافیا نے کرکٹ گراؤنڈ پرمارکنگ کردی، سرکاری ادارے معاملے کا نوٹس لیںاوطاق بنانے کی آڑ میں جھونپڑی بنادی، روکنے پرہمیں ہراساں کیاجارہا، علاقہ مکین
شہدادپور (نمائندہ دنیا)ملدسی میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری و پرائمری اسکول سے متصل کرکٹ گراؤنڈ پر بااثر مافیا نے نشان لگا کر قبضہ کرنے کا آغاز کردیا جس کے خلاف طلبا و علاقہ مکینوں نے مظاہرہ کیا اور متعلقہ سرکاری اداروں سے قبضہ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے قبضے کی کوشش کرنیوالے عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر احتجاج کرتے عبدالرزاق، پرویز ملاح، زوہیب علی ودیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملدسی گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری و پرائمری اسکول کے سامنے موجود سرکاری اراضی پر قائم کرکٹ گراؤنڈ پر علاقے کی بااثر مافیا قبضہ کرنا چاہتی ہے جس نے یہاں اوطاق بنانے کی آڑ میں گراؤنڈ کی اراضی پر نشانات لگواکر ایک جھونپڑی نما چھپرا بھی تعمیر کروا لیا ہے۔
جسے ہم نے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ہمیں ہراساں کررہا ہے ہم نے پولیس چوکی پر اطلاع دی، تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ بااثر قبضہ مافیا کا سرغنہ مسلسل یہاں قبضے کی کوشش میں ہے جبکہ 7 سے زائد دیہات کے بچے تعلیم حاصل کرنے و کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے یہاں روزانہ آتے ہیں جس سے بچوں، نوجوانوں کا مستقبل و کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ ملوث قبضہ مافیا کے سرغنہ و دیگر کے خلاف متعلقہ اداروں کے حکام نوٹس لیتے ہوئے سخت اقدامات بروئے کار لائیں تاکہ ہم سے صحت مند سرگرمیوں کی یہ واحد جگہ بااثر قبضہ مافیا چھین نہ سکے۔