مٹیاری:بھٹ شاہ میں چوریاں، ڈکیتیاں، تاجروں کا ہڑتال کا اعلان
شہر میں امن وامان کی صورتحال تشویشناک، دن دیہاڑے وارداتیں ہونے لگیںشہریوں وتاجروں سے نقدی، موبائل، موٹر سائیکلیں چھنتی ہیں، پولیس خاموش
مٹیاری (نامہ نگار)بھٹ شاہ میں دن دہاڑے وارداتیں ہونے لگیں، جس پر تاجر برادری نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا، بھٹ شاہ شہر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک صورت اختیار کر گئی ہے ۔ نامعلوم چور اور ڈاکو دن دہاڑے شہریوں اور تاجروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے ۔ مسلسل بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے ۔ عید کے دوسرے روز درگاہ چاڑی کے قریب عمران ہوت نامی شہری کی موٹر سائیکل، جاڑا واٹر کے قریب ایک اور موٹر سائیکل چوری کر لی گئی۔ متاثرین کی جانب سے پولیس کو اطلاع کردی گئی۔ دوسری جانب ٹنڈو آدم روڈ پر قائم شیراز راجپوت کی موبائل شاپ پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر اسلحے کے زور پر لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔
مصروف واقعہ پر دکاندار ایسوسی ایشن کے صدر لالا خیر محمد راہو اور جنرل سیکریٹری محمد سرور راجپوت نے اپنے مشترکہ بیان میں شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیر تک لوٹے گئے موبائل فونز برآمد نہ کیے گئے اور ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو تاجر برادری بھٹ شاہ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کرے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے جبکہ تاجر اور شہری غیر محفوظ ہو کر رہ گئے ہیں۔ اگر پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ نہیں کر سکتی تو متعلقہ افسران اپنی کارکردگی کا جواب دیں۔