شاہ فیصل کالونی کی صورتحال پرٹاؤن چیئرمین ہٹانے کامطالبہ
میدانوں پر مبینہ قبضے اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا سرکاری زمینیں ذاتی مفادات کی نذر کی جا رہی ہیں،ترجمان مسلم لیگ (ن)
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے ترجمان اسد عثمانی نے شاہ فیصل کالونی کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاؤن چیئرمین کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نااہل انتظامیہ اور سیاسی سرپرستی کے باعث شاہ فیصل کالونی، جو کبھی کراچی کے خوبصورت، پُرامن اور منظم علاقوں میں شمار ہوتی تھی، بدانتظامی اور مسائل کا شکار ہوچکی ہے ۔ اسد عثمانی نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی ماضی میں کشادہ سڑکوں، سرسبز میدانوں، صاف ستھرے ماحول اور معیاری رہائشی فضا کی وجہ سے شہریوں کی توجہ کا مرکز تھی، تاہم آج علاقے کی صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ تباہی کسی قدرتی آفت کا نتیجہ نہیں بلکہ نااہلی، مفاد پرستی اور سیاسی سرپرستی کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن چیئرمین کے دور میں علاقے کے عوامی میدانوں پر مبینہ طور پر قبضے اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ان کے مطابق جن میدانوں میں کبھی بچے کھیلتے تھے وہاں اب مبینہ طور پر تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ سرکاری زمینیں ذاتی مفادات کی نذر کی جا رہی ہیں۔ اسد عثمانی نے کہا کہ فٹ پاتھ تجاوزات کی زد میں ہیں اور ٹھیلوں و پتھاروں کی وجہ سے شہریوں، خصوصاً بزرگوں، خواتین اور بچوں کو سڑکوں پر چلنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ٹریفک جام معمول بن چکے ہیں ۔