اندرون سندھ:فائرنگ، حادثات میں تاجر سمیت 4جاں بحق
کنڈیارو میں شادی میں فائرنگ سے نوجوان، میرپور خاص میں جھگڑے پرایک ہلاکمحراب پور میں گھر کے باہر بیٹھے ہوئے تاجر کو نشانہ بنایا گیا، ایک حادثے کی نذر ہوگیا
اندرون سندھ (نمائندگان)فائرنگ کے مختلف واقعات اور ٹریفک حادثات نے 4 افراد کی جانیں لے لیں۔ جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ، کنڈیارو میں شادی کی خوشی میں فائرنگ سے ستائیس سالہ نوجوان مجاہد خشک زخمی ہوگیا، جو اسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ میرپورخاص میں سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود میں جھگڑے دوران گولیاں اور کلہاڑیاں لگنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے ، ایک شخص نازک حالت میں حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔ آخری اطلاعات تک پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔ محراب پور کے علاقے درگاہ پیر ویل کے پاس گھر کے باہر بیٹھے تاجر علی نواز ڈھینگا کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا،حملہ آور بآسانی فرار ہوگئے ، سیٹھارجہ پولیس کے مطابق مقتول ٹریکٹر تاجر تھا۔ جبکہ مہران ہائی وے پریو مری اسٹاپ پر ٹائی راڈ ٹوٹنے سے ٹرک الٹ گیا، حادثے میں ڈرائیور شان علی ولد کرم حسین موقع پر جاں بحق، کلینر عدنان علی زخمی ہوگیا، مورو تھانے کی حدود گاؤں صفر دلو میں سولر پلانٹ ٹھیک کرتے ذوالفقار علی ولد مختار علی دلو کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔