جامعہ کراچی بحران، طلبہ کے 10نکاتی مطالبات پیش

جامعہ کراچی بحران، طلبہ کے 10نکاتی مطالبات پیش

امتحانی شیڈول ، اساتذہ کے واجبات اورفیسوں میں اضافہ واپس لیاجائے مطالبات نظر انداز ہوئے تو آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیاجائیگا،پریس کانفرنس

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جامعہ کراچی میں تعلیمی بحران کے حل کیلئے طلبا نے 10 نکاتی مطالبات پیش ۔تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں جاری تعلیمی بحران، طویل تعلیمی تعطل اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کے نمائندہ مطالبات پیش کیے گئے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 روز سے زائد عرصے سے جاری تعلیمی تعطل نے ہزاروں طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے جس کے باعث فوری اور عملی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔پریس کانفرنس میں پیش کیے گئے 10 نکاتی مطالبات میں تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات، امتحانات کے شیڈول اور اکیڈمک کیلنڈر کے اعلان، اساتذہ کے واجبات کی ادائیگی، فیسوں میں اضافے پر نظرثانی اور طلبہ دوست پالیسی اپنانے کا مطالبہ شامل تھا۔طلبہ نمائندوں نے کلاس رومز، فرنیچر، پنکھوں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری، لیبارٹریز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے ، ٹرانسپورٹ اور کھیلوں کی سہولتوں کو موثر بنانے اور نصاب کو روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے جامعہ میں بیرونی عناصر کے داخلے کی روک تھام اور فیصلہ سازی کے نظام میں طلبہ کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے ساتھ طلبہ یونین انتخابات کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔طلبہ نمائندگان نے انتظامیہ اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ پیش کردہ نکات پر فوری عمل درآمد کیا جائے ،اگر مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں