ہائی ویز ایمپلائز یونین دو دھڑوں میں تنظیمی معاملات پر کشیدگی

ہائی ویز ایمپلائز یونین دو دھڑوں میں تنظیمی معاملات پر کشیدگی

کچھ عناصر محکمے کے افسران، ملازمین اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ماضی میں ان افراد کو عدالت نے نااہل قرار دیا،حکام نوٹس لیں، گروپ لیڈر غلام رسول

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) ہائی ویز ایمپلائز یونین سی بی اے سندھ کے دو دھڑوں کے درمیان تنظیمی معاملات پر کشیدگی، ایک گروپ نے احتجاجی مظاہروں کی دھمکی دے دی۔ ہائی ویز ایمپلائز یونین سی بی اے سندھ کے گروپ لیڈر غلام رسول چھجڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر تنظیم چلانے کا دعویٰ کرتے ہوئے محکمے کے افسران، ملازمین اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ ان افراد کو ماضی میں عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیا جا چکا ہے ، ہائی ویز ایمپلائز یونین سی بی اے سندھ ایک قانونی تنظیم ہے ، جس کا دیگر تنظیموں کی طرح باہر سے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا اور نہ ہی اس کے انتخابات دیگر تنظیموں کی طرز پر منعقد ہوتے ہیں، تنظیم کے انتخابات اور نوٹیفکیشن لیبر ڈپارٹمنٹ کی نگرانی میں ہوتے ہیں اور تمام نوٹیفکیشن متعلقہ رجسٹرار جاری کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا رجسٹرار کے نوٹیفکیشن کے حامل افراد ہی تنظیم کے قانونی عہدیدار اور ارکان تصور کیے جاتے ہیں، جبکہ خود کو زبردستی سرپرست اعلیٰ کہلوانے والے افراد قانون و آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یونین کے نو منتخب عہدیداروں کو پس پشت ڈال رہے ہیں اور ملازمین کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور عدالت سے نااہل قرار دیے گئے ملازم دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ،بصورت دیگر لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں پرامن احتجاج اور دھرنے دیے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں