ایس پی ایس سی میں میرٹ کی پامالی ناقابل قبول،ایم کیوایم

ایس پی ایس سی میں میرٹ کی پامالی ناقابل قبول،ایم کیوایم

نوجوانوں کے حقوق کے لئے آوازیں اٹھاتے رہیں گے ،علی خورشیدی اقربا پروری عروج پرپہنچ چکی ،اہل اور قابل امیدوار متاثر ہو رہے ، وفد سے گفتگو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی)میں مبینہ طور پر میرٹ کی پامالی اور اقربا پروری انتہائی پریشان کن اور کراچی سمیت پورے سندھ کے نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ قرار دیا ۔ اس سلسلے میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے دفتر میں ایس پی ایس سی کے نوجوان امیدواروں کی تنظیم موومنٹ فار ریسٹوریشن آف میرٹوکریسی (ایم آر ایم)کے وفد نے قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی اور ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اے پی ایم ایس او کے مرکزی جوائنٹ انچارج کاظم حسین، رکنِ سندھ اسمبلی راشد خان اور اے پی ایم ایس او حیدرآباد سیکٹر آرگنائزر ناصر نواب بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران ایم آر ایم کے وفد نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں مبینہ بے ضابطگیوں اور میرٹ کی خلاف ورزیوں سے متعلق تفصیلی مؤقف، اعداد و شمار اور شواہد پیش کیے ۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ ایس پی ایس سی میں اقربا پروری اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے جس کے باعث اہل اور قابل امیدوار متاثر ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم پاکستان نوجوانوں کے جائز حقوق اور میرٹ کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اس معاملے کو سندھ اسمبلی میں بھرپور اور مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں