یوم عاشور حق و صداقت کی فتح کا عظیم دن ہے ، ریاض شاہ شیرازی

یوم عاشور حق و صداقت کی فتح کا عظیم دن ہے ، ریاض شاہ شیرازی

حضرت امام حسینؓ نے اسلام کی بقا، انسانیت کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں پیش کیںواقعہ کربلا صبر، استقامت، اخوت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا لازوال درس ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر سندھ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں حضرت امام حسینؓ ،اہلِ بیتِ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ اسلام کی سربلندی، حق و صداقت کی فتح اور عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواسئہ رسول حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی بقا، عدل و انصاف کے قیام اور انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنی جان، اپنے اہلِ خانہ اور جانثار ساتھیوں کی قربانیاں پیش کیں۔ میدانِ کربلا میں حضرت امام حسینؓ نے یزید کی جابرانہ حکمرانی اور باطل قوتوں کے سامنے حق، صداقت اور انصاف کا پرچم بلند رکھا اور رہتی دنیا تک ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک روشن مثال قائم کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ واقعہ کربلا صبر، استقامت، ایثار، قربانی، حریت اور انسانی وقار کی ایک لازوال داستان ہے جو ہر دور کے انسان کو حق کا ساتھ دینے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ۔ حضرت امام حسینؓ کی شہادت آزادی، حق پسندی اور انصاف کے متلاشی افراد کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیاں اسلام کی حقیقی روح، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور انسانی عظمت کی روشن علامت ہیں۔ یومِ عاشورہ ہمیں صبر، برداشت، اخوت، رواداری، قربانی اور انسانیت کی خدمت کا سبق دیتا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں