میرپور خاص:مارکیٹ کمیٹی کی جائیداد کی غیر قانونی لیز منسوخی کامطالبہ
ایس یوپی، سول سوسائٹی وفود کی پریس کانفرنس، ذمہ داران کیخلاف کارروائی کامطالبہمارکیٹ کمیٹی کی ملکیت عوامی امانت، قانون کے مطابق کھلی نیلامی سے لیز ممکن، رہنما
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور سول سوسائٹی کے وفد نے مشترکہ پریس کانفرنس میں مارکیٹ کمیٹی کی قیمتی کمرشل جائیداد کی مبینہ غیر قانونی لیز کو فوری منسوخ کرنے ، شفاف تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پریس کانفرنس سے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے وکیل مرتضیٰ ناریجو، ضلعی رہنما لالا اظہر پٹھان اور سول سوسائٹی کے نمائندے واجد لغاری نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کمیٹی کی ملکیت عوامی امانت ہے اور اسے قانون کے مطابق صرف کھلی نیلامی کے ذریعے لیز پر دیا جا سکتا ہے ، تاہم 7 اگست 2024 کو تقریباً 8 ہزار 270 مربع فٹ کمرشل جائیداد محمد اظہر ولد محمد جمن، رہائشی احمدانی کالونی کو محض 15 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر لیز پر دے دی گئی جو قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق کرایہ 50 سے 70 روپے فی مربع فٹ بنتا ہے ، جبکہ انتہائی کم کرائے پر لیز دینے سے قومی خزانے کو ہر ماہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ سندھ مارکیٹ کمیٹی رولز 1940، سندھ پبلک پروکیورمنٹ رولز 2010 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کھلی نیلامی اور اخبارات میں اشتہار دینا لازمی تھا مگر ایسا کوئی عمل نہیں کیا گیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ لیز معاہدے میں متعدد بے ضابطگیاں موجود ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ لیز فوری طور پر منسوخ کرکے جائیداد کی ازسرنو کھلی نیلامی کرائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments