عمارت سربمہر کرنے کے خلاف درخواست خارج
کمپنی کو متعلقہ قانون کے تحت دستیاب متبادل قانونی فورم سے رجوع کی اجازتآرٹیکل 199 کے تحت آئینی اختیار متبادل قانونی فورمز کا نعم البدل نہیں ،ہائیکورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی ایم اے جناح روڈ پر واقع عمارت کو سیل کیے جانے کے خلاف دائر آئینی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی، تاہم کمپنی کو متعلقہ قانون کے تحت دستیاب متبادل قانونی فورم سے رجوع کرنے کی اجازت دے دی۔ جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل آئینی بینچ نے درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ درخواست گزار پاکستان ری انشورنس کمپنی کا مؤقف تھا کہ وہ ایم اے جناح روڈ پر واقع اپنی پرانی عمارت کی قانونی مالک ہے اور 1959 کی رجسٹرڈ کنوینس ڈیڈ کی بنیاد پر کئی دہائیوں سے عمارت پر پُرامن قبضے میں ہے۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ مقدمے میں جائیداد کی ملکیت، 1959 کی کنوینس ڈیڈ کی قانونی حیثیت، ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی ہونے یا نہ ہونے اور مختلف قوانین کے اطلاق سے متعلق متنازع حقائق اور قانونی سوالات موجود ہیں، جن کے فیصلے کے لیے دستاویزی شواہد اور تاریخی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ ضروری ہے ، جو آئینی درخواست میں ممکن نہیں۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی ایکٹ کے تحت متبادل قانونی فورم اور اپیل کا مؤثر طریقہ کار موجود ہے ، اس لیے درخواست گزار پہلے اس قانونی فورم سے رجوع کرے ۔ بینچ نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت آئینی اختیار متبادل قانونی فورمز کا نعم البدل نہیں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments