بارش سے قبل انتظامات کا فقدان، پی ٹی آئی کی تنقید
نکاسی آب کے دعوے کاغذوں تک محدود ، مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہےغفلت افسوسناک، میئر فوٹو سیشن کے بجائے عملی اقدامات کریں،راجا اظہر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجا اظہر نے شہر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر میئر کراچی اور شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الرٹ کے باوجود مجرمانہ غفلت انتہائی افسوسناک ہے ۔ راجا اظہر نے کہا کہ نالوں کی صفائی، برساتی پانی کی نکاسی اور ہنگامی انتظامات کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود ہیں جبکہ شہر بھر میں عملی طور پر کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال بارشوں سے قبل پیپلز پارٹی کی جانب سے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن پہلی ہی بارش شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیتی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات مکمل نہ کیے گئے تو شہریوں کو حسبِ معمول شدید مشکلات، ٹریفک مسائل اور شہری زندگی کی معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے کہا کہ میئر کراچی کو فوٹو سیشن اور نمائشی بیانات کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ راجا اظہر نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہر کے تمام بڑے اور چھوٹے نالوں کی صفائی مکمل کی جائے ، برساتی پانی کی نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر فعال کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بارش کی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments